نئی دہلی: (دنیا نیوز) منفی کوریج کے باوجود بھارت میں عمران خان کا اچھا امیج برقرار ہے۔ بھارتی تجزیہ کاروں نے عمران خان کو بدلتے پاکستان کی علامت قرار دے دیا۔
بھارتی میڈیا کا منفی پروپیگنڈا کپتان کی جیت روک سکا نہ بھارتیوں کے دلوں میں نفرت جگا سکا، عمران خان کا بھارت میں اچھا امیج برقرار ہے۔ بھارتی تجزیہ کاروں کی نظر میں عمران خان کی کامیابی پاکستان کے عوام کی تبدیلی کی خواہش کی عکاس ہے جو ایک بدلتے ہوئے پاکستان کی علامت ہے۔
کئی تجزیہ کاروں نے لکھا ہے کہ عمران خان نے گذشتہ سات، آٹھ برس میں عوام کو موبلائز کرنے کے لیے جتنی محنت کی ہے اتنی محنت شاید ہی کسی دوسرے رہنما نے کی ہو۔ بھارت میں ان کے بیان کا بھی خیر مقدم ہوا ہے۔
پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان نے جیت کے بعد اپنی پہلے بیان میں کہا تھا کہ بھارت ایک قدم بڑھائے ہم دو بڑھائیں گے۔ ایک طویل تلخ دور کے بعد انڈیا کے لیے بھی یہ ایک نیا موقع ہے کہ وہ نئی حکومت کے ساتھ ایک نئی شروعات کر سکے۔