نوازشریف، مریم اور صفدر کی ضمانت کی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر

Last Updated On 29 July,2018 11:09 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کیخلاف درخواستوں پر سماعت کیلئے 2 رکنی بینچ تشکیل دے دیا، جو 31 جولائی کو سماعت کرے گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کا بینچ سابق وزیراعظم نوازشریف ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کیخلاف درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ بینچ کی سربراہی جسٹس عامرفاروق کریں گے، جسٹس گل حسن اورنگزیب بھی بینچ میں شامل ہیں۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف تینوں مجرموں نے الگ الگ درخواستیں دائر کر رکھی ہیں، جن میں سزا معطل کر کے ضمانت پر رہائی کی استدعا کی گئی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے نیب کو جاری نوٹس کی تعمیل کرا لی گئی، قومی احتساب بیورو کی قانونی ٹیم بھی آئندہ ہفتے عدالت پیش ہوگی۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کے العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز دوسری عدالت منتقلی کی درخواست پر بھی آئندہ ہفتے سماعت ہوگی۔