کراچی: (دنیا نیوز) عام انتخابات کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں نے نجی کمپنیز سے پولنگ ایجنٹس کے معاہدے کر لئے، ایم کیو ایم، پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی، ن لیگ اور دیگر جماعتیں شامل ہیں۔
سیاسی جماعتیں اس وقت سخت پریشانی کے عالم میں ہیں کیونکہ عام انتخابات سر پر آ گئے ہیں لیکن ان کو فکر ہے کہ پولنگ ایجنٹس کہاں سے لائیں؟ تاہم ان کی پریشانی دور کرنے کیلئے اب نجی کمپنیاں منظرِ عام پر آ گئی ہیں۔
کراچی میں تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے پولنگ ایجنٹس کی تلاش میں نجی کمپنیوں سے رابطہ کر لیا ہے۔ دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق کمپنیوں کی جانب سے 2 ہزار روپے میں مرد اور 5 ہزار میں خاتون پولنگ ایجنٹ دستیاب ہیں۔
مختلف سیاسی جماعتوں نے نجی کمپنیز سے پولنگ ایجنٹس کے معاہدے کر لئے ہیں۔ ان سیاسی جماعتوں میں ایم کیو ایم، پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی، ن لیگ اور دیگر جماعتیں شامل ہیں۔ پولنگ ایجنٹس کو کھانا اور ٹرانسپورٹ بھی پارٹی کی ذمہ داری ہو گی۔