این اے 60: الیکشن ملتوی کرنے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

Last Updated On 23 July,2018 10:45 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکیورٹ کے راولپنڈی بنچ نے این اے 60 سے الیکشن ملتوی کرنے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی، شیخ رشید کی درخواست پر سماعت جسٹس مجاہد مستقیم کچھ دیر بعد کریں گے۔

 عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی جانب سے ان کے وکیل سردار عبدالرزاق نے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں درخواست دائر کی، جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں شیخ رشید کے مد مقابل امیدوارحنیف عباسی کو عمر قید کی سزا سنائی گئی، جس پر الیکشن کمیشن نے این اے 60 راولپنڈی کا الیکشن ملتوی کر دیا ہے، امیدوار کو سزا ہونے پر الیکشن ملتوی نہیں ہوسکتا، کسی امیدوار کو عدالت سے سزا ہونے کا خمیازہ ووٹرز کیوں بُھگتیں؟ مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدرکو سزا پرحلقوں کا الیکشن ملتوی نہیں ہوا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کا انتخاب ملتوی کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے کر 25 جولائی کو انتخاب کرانے کا حکم دیا جائے، شیخ رشید نے درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان اور ریٹرننگ افسر کو فریق بنایا ہے۔