وزارت توانائی کا الیکشن میں بلاتعطل بجلی فراہم کرنے کا اعلان

Last Updated On 23 July,2018 01:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) انتخابات کے لئے وزارت توانائی بھی سرگرم ہو گئی، پولنگ کے عمل میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کا بڑا فیصلہ کرلیا۔

وزرارت توانائی کے مطابق، 25 جولائی کو پولنگ کے عمل میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اسلام آباد اور لاہور میں 2 کنٹرول سنٹر کام کریں گے، کنٹرول سنٹرز ایڈیشنل سیکرٹریز توانائی کی سربراہی میں ہوں گے۔

وزارت توانائی کے مطابق بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا، پولنگ کے روز انڈسٹری کو بجلی فراہمی بند رہے گی، سسٹم اوور لوڈ ہونے سے بچانے کے لئے صنعت کو بند رکھا جائے گا۔

ادھر الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔ انتخابی قانون 2017ء کے مطابق خلاف ورزی کرنے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ یا دو سال قید یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔

الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ انتخابی مہم 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب انتخابی مہم ہر صورت ختم کر دی جائے۔ انتخابی قانون 2017ء کے مطابق خلاف ورزی کرنے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ یا 2 سال قید یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔

الیکشن کمیشن نے پولنگ ڈے پر شکایات کے ازالے کے لئے الیکشن کمیشن میں ڈائریکٹر جنرل ایڈمن کی سربراہی میں مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول روم قائم کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات میں سکیورٹی فرائض انجام دینے والے پاک فوج کے عملے کی تفصیل بھی جاری کی ہے، جس کے مطابق 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں ایک لاکھ حاضر سروس، ایک لاکھ 90 ہزار ریزرو فورس پر مشتمل کل 3 لاکھ 70 ہزار فوجی اہلکار تعینات ہوں گے۔