اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن 2018ء کی انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے، وزیراعظم کی کرسی کے لئے پولنگ 25 جولائی کو ہوگی۔ مسلم لیگ نون، پاکستان تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی نے انتخابی مہم تیز کر دی۔
25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کی انتخابی مہم آج رات 12 بجے اختتام پذیر ہوجائے گی، انتخابی قانون 2017ء کے مطابق اس کی خلاف ورزی کرنے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ یا دو سال قید یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔ امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم کے لئے 23 دن دیئے گئے، جو گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں زیادہ تھے۔
الیکشن کمیشن نے انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عام انتخابات کے سلسلہ میں اپنی انتخابی مہم 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب ہر صورت ختم کر دیں، انتخابی قانون 2017ء کے مطابق اس کی خلاف ورزی کرنے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ یا دو سال قید یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔ آئندہ عام انتخابات کیلئے پولنگ 25 جولائی کو ہو گی جبکہ انتخابی مہم 48 گھنٹے قبل ختم کرنا لازمی ہے۔ الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب انتخابی مہم ختم کر دی جائے، اس کے بعد کسی قسم کے جلسے جلوس، ریلیوں یا کارنر میٹنگز پر پابندی ہو گی۔