لاہور: (دنیا نیوز) انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے، عمران خان نے لاہور کا محاذ سنبھال لیا، شہبازشریف کا راولپنڈی میں پاور شو ہوگا، بلاول بھٹو لاڑکانہ سے شکارپور تک ریلی نکالیں گے۔
عمران خان اپنی طوفانی انتخابی مہم کا اختتام آج لاہور میں کریں گے، تحریک انصاف کے لاہور میں 4 جلسے شیڈول ہیں، عمران خان شام ساڑھے 6 بجے این اے 128 میں جلو موڑ، رات آٹھ بجے این اے 125 میں داتا دربار اور رات 9 بجے این اے 134چوک واپڈا ٹاون حلقے میں خطاب کریں گے جبکہ رات 10 اپنے حلقہ انتخاب 131 میں جلسے سے انتخابی مہم کا اختتام کریں گے۔
عمران خان نے میثاقِ جمہوریت کو ”کرپشن چارٹر“ قرار دیدیا
مسلم لیگ نون بھی آج راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسے کے لئے تیار ہے، شہباز شریف متوالوں سے خطاب میں سیاسی حریفوں پر لفظی گولہ باری کریں گے۔ پیپلزپارٹی سندھ میں آج ان ایکشن ہوگی، بلاول بھٹو لاڑکانہ سے شکارپور تک ریلی نکالیں گے اور مخالفین پر تیر برسائیں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان بھی کراچی لیاقت آباد فلائی اوور پر طاقت کا مظاہرہ کرے گی، ایم ایم اے، جی ڈی اے اور دیگر جماعتیں بھی اپنے اپنے حلقوں میں جلسے کریں گی۔
الیکشن ڈے پر پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوگی جو بغیر کسی وقفے کے شام 6 بجے تک جاری رہے گی، عام انتخابات کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔