سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم میں رخنہ نہ ڈالا جائے، چیف الیکشن کمشنر

Last Updated On 12 July,2018 10:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمشنر نے چاروں وزرائے اعلیٰ کو تنبیہ کی ہے کہ سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم میں رخنہ نہ ڈالا جائے اور نہ کسی کو ایسا کرنے کی اجازت دی جائے۔

چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ میڈیا میں ایسے رپورٹس آ رہی ہیں جن میں بعض سیاسی جماعتیں الزام لگا رہی ہیں کہ ان کے ورکرز کو ہراساں کیا جا رھا ہے۔

سردار رضا کا کہنا تھا کہ انتخابات ملک میں پانچ سال بعد ہوتے ہیں، اگر ضابطہ اخلاق کی حدود میں کوئی الیکشن مہم ہو رھی ہے تو اس کا اپنا ایک احترام ھوتا ہے، اس لئے تمام وزرائے اعلیٰ کو ایڈوائس اور تنبیہ کی جاتی ہے کہ کسی کی الیکشن مہم میں رخنہ نہ ڈالا جائے اور نہ ہی کسی اور کو رخنہ ڈالنے کی اجازت دی جائے، ضابطہ اخلاق کا احترام کرتے ہوئے ہر امیدوار کو مہم چلانے کی آزادی ہونی چاہیے۔