پاک فوج انتخابات نہیں کرا رہی، کردار سیکیورٹی تک محدود: الیکشن کمیشن

Last Updated On 12 July,2018 08:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے واضح کیا ہے کہ پاک فوج کا کردار میں صرف سیکیورٹی تک محدود ہے، شفاف الیکشن پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا کہ فوج الیکشن نہیں کروا رہی اور نہ ہی اس کا ان معاملات سے تعلق ہے، عام انتخابات کا کنٹرول الیکشن کمیشن کے پاس ہے، پاک فوج صرف آئین کے مطابق اپنی ڈیوٹی سرانجام دے گی اور اس کا رول صرف سیکیورٹی تک محدود ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن شفاف ہو گا، کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے روز سیکیورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اٹھارہ ہزار کے قریب پولنگ سٹیشنز پر کیمرے لگائے جائیں گے، صوبائی حکومتوں نے کیمرے لگانے کے انتظامات کر لیے ہیں۔ ووٹرز کو پولنگ بوتھ میں موبائل کی اجازت نہیں ہو گی، تاہم اس بار میڈیا کو کیمرا اندر لے جانے کی اجازت ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پشاور دھماکے کے بعد خطرات تو موجود ہیں، سیکیورٹی کے حوالے سے صوبائی حکومتوں سے رابطے میں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سیاہی کی ترسیل بھی شروع ہو گئی ہے، 20 جولائی تک بیلٹ پرنٹ کر لیں گے، 24 جولائی تک پولنگ سٹیشنز پر سامان فوج کی نگرانی میں پہنچایا جائے گا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ 108 حلقوں کا ابھی فیصلہ آنا ہے، اس لیے بیلٹ پیپر ہولڈ پر رکھے ہیں، پنجاب کے چار اضلاع میں بیلٹ پیپر بھجوا چکے ہیں، بلوچستان کے بیلٹ پیپر کراچی میں پرنٹ ہو رہے ہیں۔