الیکشن میں پری پول دھاندلی کا کھیل کھیلا جا رہا ہے، نواز شریف

Last Updated On 02 July,2018 10:56 pm

لندن: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ دھاندلی کی منصوبہ بندی کرنے والے خام خیالی میں ہیں، ہم ہر بات کو نوٹ کر رہے ہیں۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پاکستان تاریخی لمحات سے گزر رہا ہے، پاکستان کی 70 سالہ تاریخ بدلنا اور ملک کا مستقبل بنانا مشن ہے، میں اپنی قومی ذمہ داری پوری کرنے کیلئے پاکستان جانا چاہتا ہوں۔ اہلیہ کی صحتیابی کے بعد پاکستان جاؤں گا۔

نواز شریف نے الزام عائد کیا کہ الیکشن میں پری پول دھاندلی کا کھیل کھیلا جا رہا ہے، جو بھی اس خطرناک کھیل میں ملوث ہے وہ پاکستان سے زیادتی کر رہے ہیں، دھاندلی کی منصوبہ بندی کرنے والے خام خیالی میں ہیں، ہم ہر بات کو نوٹ کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کہا کہ 1985ء سے ڈیرہ غازی خان سے ہمارے امیدوار امجد کھوسہ کو پارٹی ٹکٹ واپس کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

الیکشن کے بائیکاٹ بارے سوال کا جواب دیتے ہوئے سابق وزیرِاعظم نے کہا کہ ہم میدان چھوڑ کر بھاگنے والے نہیں ہیں بلکہ میدان میں کھڑے ہو کر مقابلہ کرنے والے لوگ ہیں، نواز شریف کوئی روایتی سیاستدان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تقدیر اس بات سے منسلک ہے کہ ہم اپنی سمت درست کریں تا کہ ہماری آئندہ نسلیں باعزت پاکستانی بن سکیں۔