'عوام بلاول کی حفاظت کرینگے، جیالے صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں'

Last Updated On 02 July,2018 02:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے اللہ اور عوام بلاول بھٹو کی حفاظت کریں گے، جیالے صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔

لیاری کے واقعے پر آصف زرداری نے کارکنوں کو تلقین کی ہے کہ جو صبر کا دامن سنبھال کر رکھتے ہیں ان کا نشانہ خطا نہیں ہوتا، بلاول بھٹو زرداری نے قائد عوام کا پرچم سنبھال لیا ہے۔ انہوں نے کہا جو شہید بینظیر بھٹو سے ڈرتے تھے آج بلاول بھٹو سے خائف ہیں، لیاری نے ثابت کیا کہ وہ آج بھی بھٹو کا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں:لیاری میں بلاول بھٹو کی ریلی پر پتھراؤ

یاد رہے گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو انتخابی مہم کے افتتاح پر اپنے ہی گڑھ لیاری میں پتھراؤ کا سامنا کرنا پڑا جس سے 6 افراد زخمی ہوئے، پولیس صورتحال کنٹرول کرنے میں ناکام رہی۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے بلاول بھٹو کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جو لیاری کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے معین آباد پہنچی تو پہلے انوکھے احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔ لیاری کے مکین پانی کی قلت کے خلاف خالی مٹکے لے کر چھتوں پر چڑھ گئے، پھر پتھراؤ شروع کر دیا۔ لیاری کے شرکاء نے بھی پتھر کا جواب پتھر سے دیا۔