لیگی امیدواروں کو ووٹ مانگتے ہوئے شرم آنی چاہیے، عبدالعلیم خان

Last Updated On 02 July,2018 08:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ لاہور کے 70 فیصد شہری گندا پانی پی رہے ہیں، لیگیوں کو ووٹ مانگتے ہوئے شرم آنی چاہیے اور اپنے گریبانوں میں جھانکنا چاہیے کہ انہوں نے صاف پانی کے نام پر اپنی جیبیں کیوں بھریں اور معصوم شہریوں کو زہر آلود پانی اور بیماریوں کے رحم و کرم پر کیوں چھوڑا؟

لاہور کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کا اہم اجلاس عبدالعلیم خان کے زیرِ صدارت چیئرمین سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں انتخابی مہم اور عمران خان کے مجوزہ دورہ لاہور کے حوالے سے پروگرام کو حتمی شکل دی گئی اور کئی ایک اہم فیصلے کیے گئے۔

امیدواروں سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہر حلقے کو پی ٹی آئی کا گڑھ سمجھتے ہوئے ہمیں سر دھڑ کی بازی لگانی ہے اور لاہور کی تمام سیٹوں پر جیت کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہو گا۔

عبدالعلیم خان نے این اے 129 اور پی پی 158 صدر بازار میں بہت بڑے انتخابی جلسے سے خطاب بھی کیا جہاں انہوں نے دھواں دار خطاب کرتے ہوئے نواز لیگ کو چیلنج کیا کہ وہ لاہور شہر سے ایک سیٹ بھی جیت کر دکھائے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی منظر نامہ بدل چکا ہے، نواز لیگ شکست کا یقین ہونے پر اب بائیکاٹ کا واویلا شروع کر رہی ہے۔

اس موقع پر این اے 129 اور پی پی 158 سے لیگی رہنماؤں کپتان ظفر اور نذیر احمد نے اپنے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا، اسی حلقے سے وارڈ 10 خادم حسین سندھو بھی پی ٹی آئی کی ٹیم کا حصہ بن گئے۔