نواز شریف کی شرائط جمہوریت ڈی ریل کرنے کی سازش ہیں، قریشی

Last Updated On 02 July,2018 06:51 pm

ملتان: (دنیا نیوز) تحریکِ انصاف کے رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے جن لوگوں نے ٹکٹیں واپس کی ہیں وہ جی ٹی روڈ کے بیانیے سے متفق نہیں، چودھری نثار نے بھی ان سے راہیں جدا کر لی ہیں۔

ملتان کے علاقے 14 نمبر چونگی پر انتخابی مہم کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے اندر نئی سوچ پیدا ہو گئی ہے جس کی وجہ سے وہ ٹکٹیں واپس کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی الیکشن لڑنے کی تینوں شرائط جمہوریت کو بدنام اور ڈی ریل کرنے کی سازش ہیں، ہم نہیں سمجھتے کہ نواز شریف اس قسم کے فیصلوں سے ملک کی خدمت کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بیانیے کے برعکس کوئی جماعت الیکشن سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں، حتیٰ کہ ان کا بھائی شہباز شریف جو پارٹی کا صدر ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پالیسی ہے کہ ہیومن ڈویلپمنٹ پر انویسٹمنٹ کریں، ہم نے خیبر پختونخوا میں میٹرو اور اورنج ٹرین نہیں بنائی بلکہ صحت اور تعلیم پر خرچ کیا ہے۔