اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم ناصر الملک نے عام انتخابات کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِاعظم کا کہنا ہے کہ الیکشن کو آزاد، صاف اور شفاف بنانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
اسلام آباد میں وزیرِاعظم ناصرالملک کے زیرِ صدارت الیکشن کی تیاریوں سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ داخلہ، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، داخلہ، دفاع اور الیکشن کمیشن کے سیکرٹریز،چیف سیکرٹریز اور آئی جیز بھی شریک ہوئے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے عام انتخابات کے حوالے سے اب تک ہونے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابی امیداروں کے لئے انتخابی ضابطہ اخلاق کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پولنگ کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، ملکی و بین الاقوامی میڈیا اور انتخابی مبصرین موجود ہوں گے۔
وزیرِاعظم نےعام انتخابات کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کو آزادانہ، صاف و شفاف بنانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ وزیرِاعظم نے الیکشن کمیشن کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔