ن لیگ میں ٹکٹوں کی تقسیم، بلوچستان میں بھی اختلاف سامنے آ گیا

Last Updated On 25 June,2018 06:28 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں بھی مسلم لیگ ن میں پارٹی ٹکٹ کی تقسیم کے معاملے پر اختلاف سامنے آ گیا۔ صوبائی سینئر نائب صدر ن لیگ کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم کے معاملے کو 24 گھنٹے میں حل نہ کیا گیا تو احتجاج کا راستہ اختیار کرینگے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر صوبائی صدر میر گوہر خان نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائدین کی جانب سے غلط فیصلوں کے باعث پارٹی صوبے میں کمزور ہو چکی ہے۔ کارکنوں کو اعتماد میں لیے بغیر پارلیمانی بورڈ نے من پسند افراد کو پارٹی ٹکٹ دیے۔ پارلیمانی بورڈ کے غلط فیصلوں کی وجہ سے پارٹی کو مشکلات درپیش ہیں۔

میر گوہر خان مینگل کا کہنا تھا کہ مرکزی قائدین صوبائی پارلیمانی بورڈ کے فیصلوں پر فوری نوٹس لیں، اگر پارلیمانی بورڈ نے 24 گھنٹوں میں کارکنوں کے تحفظات کو دور نہ کیا تو احتجاج کا راستہ اختیار کرینگے۔