عمران خان کو این اے 131 اور 95 سے الیکشن لڑنے کی اجازت

Last Updated On 25 June,2018 10:33 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمی پی ٹی آئی عمران خان کو قومی اسمبلی کے حلقے این اے 131 لاہور اور این اے 95 میانوالی سے الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی، بنوں میں اعتراضات پر کل طلب کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو این اے 131 لاہور اور این اے 95 میانوالی سے کلیئر قرار دیتے ہوئے انھیں دونوں حلقوں سے الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔

ایپلٹ ٹربیونل نے این اے 131 سے عمران خان کے کاغذاتِ نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیلیں خارج کر دی ہیں۔ درخواست گزاروں نے کاغذاتِ نامزدگی میں بیٹی، اہلیہ اور دونون بیٹوں کے اثاثوں کا ذکر نہ کرنے پر عمران خان کو نااہل قرار دینے کی استدعا کی تھی۔

دوسری جانب این اے 95 میانوالی سے کاغذات مسترد کرنے کے خلاف عمران خان کی اپیل منظور کر لی گئی ہے۔ ایپلٹ ٹربیونل نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ریٹرننگ افسر کے اعتراضات مسترد کر دئیے۔

ادھر این اے 129 سے عبدالعلیم خان کے کاغذات کی منظوری کیخلاف ایاز صادق کی اپیل مسترد کرتے ہوئے ایپلٹ ٹربیونل نے انھیں بھی الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی ہے۔