انتخابات 2018ء: پی ٹی آئی نے 13 خواتین کو ٹکٹ جاری کر دئیے

Last Updated On 25 June,2018 06:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریکِ انصاف نے قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں کے علاوہ پنجاب اور سندھ کی جنرل سیٹوں پر 13 خواتین کو ٹکٹ جاری کر دئیے۔

الیکشن کی گہما گہمی جاری ہے، تحریکِ انصاف نے اگلے ماہ ہونے والے عام انتخابات میں 13 خواتین کو میدان میں اتارا ہے۔ تحریکِ انصاف نے قومی اسمبلی کی نشتوں پر پنجاب کے 9 جبکہ سندھ کے 4 حلقوں سے پی ٹی آئی کی امیدوار انتخابات میں حصہ لیں گی۔

سیالکوٹ کے حلقے این اے 72 سے فردوس عاشق اعوان سیاسی مخالفین کا مقابلہ کریں گی۔ این اے 90 سرگودھا سے نادیہ عزیز، این اے 115 جھنگ سے غلام بی بی بھروانہ اور این اے 125 لاہور سے ڈاکٹر یاسمین راشد پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گی۔

این اے 168 بہاولنگر سے فاطمہ طاہر چیمہ، این اے 173 بہاولپور سے خدیجہ عامر، این اے 182 مظفر گڑھ سے تہمینہ دستی، این اے 184 مظفر گڑھ سے سیدہ زہرا باسط بخاری اور این اے 191 ڈیرہ غازی خان سے زرتاج گل پی ٹی آئی کی نمائندگی کریں گی۔

سندھ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 200 لاڑکانہ سے حلیمہ بھٹو، این اے 201 لاڑکانہ سے قرۃ العین، این اے 202 قمبر شہداد کوٹ سے فلائٹ لیفٹیننٹ ریٹائرڈ مسرت شاہ اور این اے 211 نوشہرو فیروز سے غزالہ حسین تحریکِ انصاف کی جانب سے انتخابات میں حصہ لیں گی۔