پُرامن انتخابات کا انعقاد، آرمی چیف کی وزیرِاعظم کو تعاون کی یقین دہانی

Last Updated On 25 June,2018 10:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیرِاعظم ناصرالملک سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات، آرمی چیف نے انتخابات کو پُرامن بنانے کے لئے وزیرِاعظم کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔

نگران وزیرِاعظم ناصر الملک اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی ملاقات میں ملک کی سیکیورٹی کی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے وزیرِاعظم کو سرحدوں کی صورتحال پر بریفنگ دی۔

ملاقات میں عام انتخابات سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ عام انتخابات کو آزاد، صاف اور شفاف بنانے کے لئے تمام انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ آرمی چیف نے انتخابات کو پُرامن بنانے کے لئے وزیرِاعظم کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔