ملک نوید بھٹی پی پی 217 سے شاہ محمود کے حق میں دستبردار

Last Updated On 25 June,2018 04:20 pm

ملتان: (روزنامہ دنیا) ملتان کے حلقہ پی پی 217 سے ملک نوید بھٹی تحریکِ انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے حق میں دستبردار ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بیانیے نے ن لیگ کو مشکل میں ڈال دیا، مسلم لیگ میں ٹوٹ پھوٹ واضح نظر آ رہی ہے۔ ن لیگ کے ٹکٹ ہولڈر عوام کے سامنے جانے سے گریزاں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 217 سے امیدوار ملک نوید بھٹی کی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نوید بھٹی نے شاہ محمود کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان بھی کیا۔

تقریب میں مسلم لیگ ملتان شہر کے نائب صدر رانا بابر، مقبول بھٹی، نذیر بھٹی اور مرزا عابد نے بھی اپنے ساتھیوں سمیت تحریکِ انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

شاہ محمود نے الیکشن مہم کے سلسلہ میں مختلف یونین کونسلوں کا بھی دورہ کیا۔ یو سی 27 سے عامر بشیر اور یو سی 51 سے منظور ڈمرا نے بھی تحریکِ انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

یو سی 61 بھکر عاربی سے مڑل، وینس، بھٹی برادریوں اورعبدالرزاق ڈوگر نے بھی حمایت کا اعلان کیا۔ شاہ محمود نے گزشتہ روز شاہ رکن عالم کالونی میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں سے اپنی جیبوں بھرنے والوں کا انجام عبرتناک ہو گا۔ اس موقع پر جاوید اختر انصاری، رانا ندیم، چودھری الیاس، نبیلہ بٹ اور رانا جبار و دیگر نے خطاب کیا۔