سعودی عرب کی ثالثی میں روس یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے بات جیت کا آغاز

Published On 18 February,2025 05:56 pm

ریاض: (دنیا نیوز) روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا اور روس نے سعودی عرب میں بات چیت کا آغاز کردیا۔

امریکا اور روس کے اعلیٰ سفارت کاروں کے درمیان آج سعودی عرب میں اہم ملاقات ہوئی جہاں دوطرفہ تعلقات کی بحالی اور یوکرین جنگ خاتمے کی کوششوں پر بات چیت کی گئی۔

یوکرین تنازع پر روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، قومی سلامتی مشیر مائیک والٹز، خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف پر مشتمل امریکی ٹیم سے آج ملاقات ہوئی ہے۔

اس حوالے سے دونوں فریقوں کا کہنا ہے کہ پہلی اعلیٰ سطح کی ملاقات کے نتیجے میں کسی پیش رفت کا امکان کم ہے اور کسی بھی حتمی مرحلے تک پہنچنے میں وقت لگے گا۔

خیال رہے کہ اس بات چیت میں یوکرین کو مدعو نہیں کیاگیا ہے جس پر یوکرینی صدر زیلنیسکی کا کہنا ہے کہ ریاض بات چیت سےمتعلق انہیں کچھ علم نہیں اور یوکرین کو شامل کیے بغیر اس کے بارے میں کسی بھی چیز یا معاہدے کو تسلیم نہیں کرسکتے۔