امریکا طیارہ حادثے میں ہلاک افراد میں پاکستانی خاتون بھی شامل

Published On 31 January,2025 09:20 am

واشنگٹن : (دنیا نیوز) بدقسمت امریکی مسافر طیارے میں ہلاک مسافروں میں ایک پاکستانی خاتون عسریٰ حسین بھی شامل ہیں۔

عسریٰ حسین کے شوہر حماد رضا نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ 30 جنوری کی رات 8 بجے کے قریب جیسے ہی طیارہ ریگن نیشنل ایئرپورٹ کے قریب پہنچا تو ان کی اہلیہ نے موبائل فون پر انہیں میسج کیا کہ ان کا طیارہ لینڈ کرنے والا ہے۔

حماد نے جوابی پیغامات بھیجے تو وہ وصول نہیں کیے جاسکے جس کا مطلب انہوں نے یہ سمجھا کہ کوئی گڑ بڑ ہوگئی ہے، بدقسمتی سے عسریٰ کا بھی یہ آخری پیغام ثابت ہوا۔

عسری ٰحسین اس امریکی ایئرلائنز کی پرواز 5342 میں سوار تھیں جس سے امریکی فوج کا زیر تربیت بلیک ہاک ہیلی کاپٹر اچانک ٹکراگیا تھا، عسریٰ حسین ریاست کینساس کے شہر ویچیٹا میں کسی کام کے سلسلے میں گئی تھیں اور واپسی پر یہ ناگہانی آفت ٹوٹ پڑی۔

حادثے میں اہلیہ کو کھونے والے حماد رضا کا تعلق امریکا کی ریاست میزوری سے ہے۔

دوسری جانب حادثے کا شکار امریکن ائیرلائنز میں موجود تمام 60 مسافروں اور عملے کے 4 افراد کو مردہ قرار دے دیا گیا ہے، جو بلیک ہاک ہیلی کاپٹر طیارے سے ٹکرایا تھا اس میں موجود 3 اہلکاربھی موت کی آغوش میں چلے گئے۔