چین امن، ترقی اور مشترکہ مفادات کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم

Published On 18 December,2024 04:07 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے چین نے آئندہ سال بھی عالمی امن، ترقی، مشترکہ مفادات کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھنے کا عزم کیا ہے۔

چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ 2024ء میں چین کی سفارت کاری نے نہ صرف اندرون ملک بلکہ بین الاقوامی سطح پر مثبت اثرات مرتب کئے ہیں، چین نے شورش زدہ دنیا میں استحکام پیدا کرنے اور ترقی پذیر ممالک کے ساتھ مضبوط تعاون کے لیے نئے راستے کھولے۔

چینی میڈیا گروپ کے مطابق وانگ یی نے خاص طور پر صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کے سفارتی اقدامات کو سراہا، جنہوں نے امن، ترقی اور مشترکہ تعاون پر مبنی تعلقات کو فروغ دیا، ان کا کہنا تھا کہ چین کی جدیدکاری نہ صرف ملک کے اندر بلکہ عالمی سطح پر بھی ترقی کے نئے مواقع فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے گلوبل ساؤتھ کی یکجہتی اور خود انحصاری پر زور دیتے ہوئے ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک نئے تعاون ماڈل کی تعریف کی، ساتھ ہی دنیا کے سامنے چین کی پالیسی اور تجاویز کو تیزی سے پذیرائی ملنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین کے کردار پر عالمی برادری کا انحصار بڑھ رہا ہے۔

چینی وزیر خارجہ نے 2025ء کے لئے اس عزم کا اظہار کیا کہ چین عالمی امن، ترقی، اور مشترکہ مفادات کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا، تاکہ بنی نوع انسان کی مشترکہ ترقی ممکن ہو سکے۔