ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں کو امریکا کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کردی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کےمطابق روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے تناظرمیں امریکا کا سفر خطرات سے بھرا ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہمارے شہریوں کو امریکی حکام کے ہاتھوں نشانہ بنایا جارہا ہے، روسی شہری امریکا،کینیڈا اور یورپی یونین کےکچھ ممالک کےدوروں سے گریز کریں۔
شام کے حوالے سے روسی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ شام میں روسی تنصیبات کے تحفظ کے لیے عالمی اصولوں کو لاگو کیا جاناچاہیے۔
روسی وزارت خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ عالمی برادری شام میں صورتحال کو متاثرکرنے والے اشتعال انگیزبیانات سے باز رہے، شام میں داعش کے دوبارہ سر اٹھانےکا حقیقی خطرہ موجود ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق روسی اور امریکی سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ یوکرین جنگ پر اختلافات کی وجہ سے دونوں ممالک کے تعلقات 1962 کے کیوبا میزائل بحران کے بعد سب سے زیادہ خراب سطح پر ہیں۔