پورٹ او پرنس: (دنیا نیوز) کیریبئن ملک ہیٹی میں جادو ٹونے کے الزامات پر گینگ لیڈر نے 184 افراد کو قتل کروا دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیٹی کی کچی آبادی سیٹے سولے میں مونیل میکانو فیلکس نامی گینگ لیڈر نے اپنے بیٹے کی بیماری پر پادری سے مشورہ کیا، جس نے علاقے کے بزرگوں کو جادو کا مرتکب قرار دیا۔
نیشنل ہیومن رائٹس ڈیفنس نیٹ ورک کے مطابق گینگ لیڈر نے پادری کے مشورے پر علاقے کے 184 معمر افراد کو ہلاک کروا دیا، تمام مقتولین کی عمریں 60 سال سے زیادہ تھیں، تمام افراد کو تیز دھار آلات سے قتل کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گینگ کی علاقے پر مضبوط گرفت ہے، جو موبائل فون کے استعمال جیسی چیزوں کو کنٹرول کرتے ہیں، جس کی وجہ سے رہائشیوں کے لیے ہلاکتوں کے بارے میں خبریں شیئر کرنا مشکل ہوتا ہے۔
اقوام متحدہ نے کہا کہ فیلکس کے گینگ کے تقریباً 300 ارکان ہیں اور یہ فورٹ ڈیمانچے اور لا سیلین کے قریب علاقوں میں سرگرم ہے۔