غزہ: (ویب ڈیسک) فلسطین میں قابض اسرائیلی فورسز کی بربریت جاری، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 47 فلسطینی شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ کے المواسی پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فورسز نے حملہ کرکے دو چھوٹے بچے شہید کر دیے، حملے میں بچوں کی ماں اور بہن بھی زخمی ہوگئے ہیں۔
شمالی غزہ میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر فضائی حملے میں 40 فلسطینی شہید ہوئے، 13 ماہ سے جاری اسرائیلی فورسز کی نسل کشی میں 44ہزار 429 فلسطینی شہید ، 1لاکھ 5 ہزار 250 زخمی ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب یو این آر ڈبلیو اے نے غزہ میں سیکورٹی خدشات کی وجہ سے امدادی ترسیل روک دی ہے ، گزشتہ روز اسرائیلی فورسز نے تین امدادی کارکنوں کو شہید کیا تھا۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ مصر کی سربراہی میں غزہ میں جنگ بندی کی کوششوں کیلئے حماس کا وفد قاہرہ میں موجود ہے، 20 سے 30 دنوں کی جنگ بندی زیر غور ہے جس میں قیدیوں کا تبادلہ کیا جائے گا۔