حماس کا وفد جنگ بندی مذاکرات کیلئے قاہرہ جائے گا

Published On 30 November,2024 11:22 am

قاہرہ : (ویب ڈیسک ) حماس کا وفد قاہرہ میں جنگ بندی مذاکرات کے لیے جائے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق حماس کے ایک اہلکار نے خبررساں ادارے کو بتایا کہ ان کے گروپ کے نمائندے غزہ میں ممکنہ جنگ بندی پر مذاکرات کے لیے ہفتے کے روز قاہرہ جائیں گے۔

خبررساں ادارے کے مطابق اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مصری حکام کے ساتھ کئی ملاقاتوں کے لیے حماس کا ایک وفد کل قاہرہ جائے گا جہاں وہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی اور قیدیوں کے سمجھوتے پر بات چیت کرے گا۔

یہ اعلان اسرائیل-حزب اللہ جنگ بندی کے نفاذ کے دو دن بعد سامنے آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :غزہ پر اسرائیل کی شدید بمباری، 40 فلسطینی شہید

امریکہ نے غزہ میں جنگ بندی اور اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے قطر، ترکی اور مصر کے ساتھ نئی سفارتی کوششوں کا بھی اعلان کیا ہے ، اب تک کی واحد جنگ بندی نومبر 2023 میں ہوئی جس میں حماس اور اس کے اتحادیوں نے اسرائیل کے زیرِ حراست 240 فلسطینی قیدیوں کے بدلے تقریباً 100 یرغمالیوں کو رہا کیا۔ 

امریکہ، قطر اور مصر کی قیادت میں سال کے آغاز سے ہی جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کی متعدد کوششیں ناکام ہو چکی ہیں ۔ 

واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں 7اکتوبر 2023 سے اب تک 44ہزار سے زائد فلسطینی شہید جبکہ ایک لاکھ سے زائد زخمی ہوچکے ہیں ۔