واشنگٹن : (دنیانیوز)5 نومبر2024 امریکہ کی انتخابی تاریخ میں ایک اور اہم دن ، 2012 سے لے کر 2024 کے درمیان آنیوالے صدارتی انتخابات میں اس بار بھی ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہے ۔
یہاں ہم سال 2012 سے 2016، 2020 اور آنے والے 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات کیلئے ڈیموکریٹک اور ریپبلکن پارٹی کے منشور کے اہم نکات پیش کررہے ہیں، بیتے سالوں میں ان دونوں جماعتوں نے اپنے منشور میں عوام کی ترجیحات کا کتنا خیال رکھا اور ان میں کیا تبدیلیاں لائے اس پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
2024 کے امریکی انتخابات میں ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز کا منشور ایک بار پھر ملکی مسائل پرہی مبنی ہے ، ڈیموکریٹس کا زور معیشت کی بحالی، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور سماجی انصاف کے مسائل پر ہے، جبکہ ری پبلکنز کا منشور معیشت کو فروغ دینے، کم ٹیکس، اور بارڈر سکیورٹی کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہے۔
2020 کے انتخابات میں بھی یہی بڑے مسائل زیر بحث تھے، لیکن اس بار دونوں جماعتوں کے درمیان فاصلے مزید بڑھ چکے ہیں۔
ڈیموکریٹس صحت، تعلیم، اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے مراعات دینے کے حامی ہیں، جبکہ ریپبلکنز کا مؤقف ہے کہ کم حکومتی مداخلت سے معیشت بہتر ہوگی اور زیادہ ملازمتیں پیدا ہوں گی ۔
سال 2024
2024 کے انتخابات میں دونوں جماعتیں اپنے اپنے منشور کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہیں ، یہاں ہم ان دونوں جماعتوں کے منشور کی روشنی میں ایک تقابلی جائزہ پیش کررہے ہیں جو دونوں جماعتوں کے عوام کے تئیں رجحانات کی عکاسی کرتا ہے ۔
معیشت
ڈیموکریٹس نے متوسط طبقے کو فائدہ پہنچانے والی ٹیکس اصلاحات پر زور دیا ہے، جبکہ ری پبلکنز نے ہمیشہ ٹیکس میں کمی اور کاروبار میں ضوابط کی کمی کی حمایت کی ہے۔
صحت
ڈیموکریٹس نے صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کو بڑھانے پر زور دیا، خاص طور پر Affordable Care Act (ACA) کے ذریعے، جبکہ ریپبلکنز آزاد منڈی کے صحت کی دیکھ بھال کے حل کو فروغ دیتے ہیں اور اکثر ACA کو منسوخ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ماحولیات
ڈیموکریٹس موسمیاتی تبدیلیوں کو معیشت، نیشنل سکیورٹی اور بچوں کی صحت و مستقبل کیلئے بڑاخطرہ سمجھتے ہیں ، اپنے منشور میں ڈیموکریٹس نے قابل تجدید توانائی اور کاربن کے اخراج کو کم کرنے کو ترجیح دی، جبکہ ریپبلکنز توانائی کی خود کفالت کی حمایت کرتے ہیں اور اکثر فوسل فیول کی پیداوار پر توجہ مرکوز کرتے ہیں۔
تعلیم
ڈیموکریٹس نے اعلیٰ تعلیم کو سستا کرنے پر زور دیا، جبکہ ریپبلکنز اسکول کے انتخاب کو بڑھانے اور وفاقی اثرات کو کم کرنے کی وکالت کرتے ہیں۔
سماجی انصاف
ڈیموکریٹس نے نظام اصلاحات اور برابری پر زور دیا، جبکہ ریپبلکنز قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حمایت اور سماجی مسائل میں محدود مداخلت پر زور دیتے ہیں۔
امیگریشن
ڈیموکریٹس پارٹی نے عام طور پر شہریت کے راستے کی حمایت کی، جبکہ ری پبلکنز نے سرحدی سیکورٹی اور امیگریشن کنٹرول کو سخت کیا۔
اسقاط حمل
ڈیموکریٹس تولیدی حقوق کی حمایت کرتے ہیں، جبکہ ریپبلکنز اسقاط حمل پر زیادہ پابندیوں کی وکالت کرتے ہیں۔
سال 2020
معیشت
سال 2020 میں ری پبلکن پارٹی نے اپنے منشور میں جن نکات کو سرفہرست رکھا ان میں کم ٹیکس، وفاقی ضابطوں میں کمی، آزاد منڈی کی پالیسیوں کی حمایت شامل رہی۔
اسی طرح ڈیموکریٹک پارٹی نے اپنے منشور میں معیشت پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے صاف توانائی کے روزگار میں سرمایہ کاری اور کم از کم اجرت میں اضافے کو ترجیح دی۔
صحت
سال 2020 میں ری پبلکنز پارٹی کے منشور میں ACA کو منسوخ کرنا، آزاد منڈی کی صحت کی دیکھ بھال میں اصلاحات کو فروغ دینا شامل رہا۔
ڈیموکریٹس نے صحت کی دیکھ بھال (ACA)کو وسعت دینا اور دوائیوں کی قیمتوں پر قابو پانے کو منشور میں شامل کیا ۔
ماحول
سال 2020 میں ری پبلکنز پارٹی نے اپنے منشور میں جن نکات کو شامل کیا ان میں توانائی کی خود کفالت حاصل کرنا، فوسل فیول کی پیداوار کی حمایت شامل تھا ، اسی طرح ڈیموکریٹس کے منشور میں پیرس معاہدے میں دوبارہ شمولیت اور صفر کاربن اخراج کا ہدف طے کیا گیا۔
تعلیم
سال 2020 کے منشور میں ری پبلکنز نے تعلیم کے شعبے میں سکول کے انتخاب کو فروغ دینااور وفاقی تعلیمی پالیسیوں کی مخالفت کی جبکہ ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے سال 2020 کے تعلیمی منشور میں وفاقی طلبہ کی امداد میں اضافہ اور کچھ طلبہ کے قرضوں کی معافی شامل رہی ۔
سماجی انصاف
سال 2020 میں ری پبلکنز پارٹی کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حمایت اور پولیس کے بجٹ میں کمی کی مخالفت کی گئی ۔
ڈیموکریٹس پارٹی نے اپنے منشور میں نظام نسل پرستی کو حل کرنے اور مجرمانہ انصاف میں اصلاحات کی حمایت کو حصہ بنایا ۔
امیگریشن
سال 2020 کے انتخابی منشور میں ری پبلکنز پارٹی نے سرحدی دیوار بنانے اور پناہ گزین شہروں کی مخالفت کی جبکہ ڈیموکریٹس تارکین وطن کے لیے شہریت کے راستے فراہم کرنے کی حامی رہے ہیں ۔
اسقاط حمل
سال2020 کے منشور میں ری پبلکنز پارٹی نے غیر پیدائش شدہ بچوں کے حقوق کا تحفظ کی حمایت کی جبکہ ڈیموکریٹس تولیدی حقوق کا دفاع کرتے نظر آتے ہیں ۔
سال 2016
صدارتی انتخابات 2016 کے منشور میں ری پبلکنز پارٹی نے معیشت میں پہلے کی طرح کاروبار اور کاروباری افراد کے لیے ٹیکس میں کمی سمیت کاروباری قوانین میں نرمی کا اعلان کیا ۔
ڈیموکریٹس پارٹی کی جانب سے متوسط طبقے کی اجرتوں میں اضافہ اور کم از کم اجرت میں اضافہ شامل رہا۔
صحت
سال 2016 میں ری پبلکنز پارٹی نے اپنے منشور میں ACA کو منسوخ کرنے اور نجی انشورنس کو فروغ دینے کی ضرورت پر زوردیا۔ ری پبلکنز کے منشور سے ہٹ کر ڈیموکریٹس نے 2016 میں بھی ACA کے تحفظ اور توسیع پر زور دیا۔
ماحول
2016 میں ڈیموکریٹس پارٹی نے اپنے منشور میں ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنا، قابل تجدید توانائی کو فروغ دینے پر زور دیا جبکہ ری پبلکنز پارٹی نے فوسل فیول کی پیداوار میں اضافے اور توانائی میں خودکفیل ہونے کی ضرورت پر زوردیا۔
تعلیم
2016 کے تعلیمی منشور میں ری پبلکنز نے ووچرز کے ذریعے سکولوں کے انتخاب میں اضافے اور وفاقی کردار کی مخالفت کو حصہ بنایا ۔
ڈیموکرٰیٹک پارٹی نے اپنے منشور میں کالج کی تعلیم کو سستا کرنے اور طلبہ کے قرضوں کو حل کرنے کے مسائل پر بات کی۔
سماجی انصاف
ری پبلکنز پارٹی نے سماجی انصاف کے شعبے میں قانون اور نظم" پر توجہ دی اور پولیس کے محکموں کی حمایت کی جبکہ ڈیموکرٰیٹک پارٹی نے پولیس میں اصلاحات کے حل اور مساوی حقوق کو فروغ دینے کو شامل کیا۔
امیگریشن
ری پبلکنز پارٹی اس بار بھی سرحدوں کو مضبوط بنانے اور غیر قانونی امیگریشن کے خلاف رہی جبکہ ڈیموکریٹس نے DACA کی حمایت کی اور جامع امیگریشن اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا ۔
اسقاط حمل
2016 کے منشور میں ری پبلکنز پارٹی اسقاط حمل تک رسائی کو محدود کرنے کی حامی رہی ، ڈیموکریٹک پارٹی نے خواتین کے حق کا تحفظ کو منشور کا حصہ بنایا ۔
سال 2012
معیشت
سال 2012 کے صدارتی انتخابات میں بھی ری پبلکنز پارٹی کاروباری اداروں کے لیے ٹیکس میں کمی اور سرکاری اخراجات میں کمی کی حمایت کرتی نظر آتی ہے ۔
ڈیموکریٹس کی بات کی جائے تو اس جماعت نے دولت مند افراد پر ٹیکس میں اضافے اور کارپوریٹ ٹیکس کے نقصانات کو بند کرنے کو منشور میں شامل کیا ۔
صحت
ری پبلکنز پارٹی 2012 کے انتخاباتی منشور میں ACA کو منسوخ کرنے اور میڈی کیئر کے ووچرز کی حمایت کی گئی ۔
ڈیموکریٹس نے ACA کا دفاع کرنے اور میڈیکیڈ کی توسیع پر بات کی۔
ماحول
ماحولیات کے شعبہ میں ری پبلکنز نے اپنے منشور میں توانائی کی خود کفالت پر توجہ، اور تیل کی پیداوار میں اضافے کو حصہ بنایا تھا ۔ ڈیمو کریٹک پارٹی نے صاف توانائی میں سرمایہ کاری اور کاربن کے اخراج کو کم کرنے کو منشور میں شامل کیاتھا۔
تعلیم
2012 کے منشور میں ری پبلکنز پارٹی نے چارٹر سکولوں کو فروغ دینے اور وفاقی کنٹرول میں کمی پر زوردیا تھا جبکہ ڈیموکریٹس تعلیم کی فنڈنگ میں بہتری اور سستی کالج کی تعلیم کو فروغ دینے پر یقین رکھتے ہیں ۔
سماجی انصاف
2012 میں ری پبلکنز پارٹی نے انفرادی حقوق پر زور اور سرکاری مداخلت کو محدود کرنے کو اپنے منشور میں شامل کیا ، اسی طرح ڈیموکریٹک پارٹی اُجرت میں عدم مساوات کو حل کرنے اور مساوی تنخواہوں کو فروغ دینے کو منشور کا حصہ بناتی ہے۔
امیگریشن
سال 2012 میں بھی امیگریشن کے معاملے پر ری پبلکنز نے ایمنسٹی کی مخالفت کی تھی اور سرحدی تحفظ کو مضبوط بنانے کو منشور کا حصہ بنایا جبکہ ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے غیر قانونی تارکین وطن کے لیے شہریت کے راستے کی حمایت کی گئی تھی۔