کازان: (ویب ڈیسک) چینی صدر شی جن پھنگ نے غزہ اور لبنان میں جنگ کا پھیلاؤ فوری روکنے کا مطالبہ کر دیا۔
چینی صدر شی جن پنگ نے روس کے کازان کنونشن اور نمائش مرکز میں برکس پلس لیڈرز ڈائیلاگ میں شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تحفظ امن کی مستحکم قوت بننے، عالمی سلامتی کی حکمرانی کو مضبوط بنانے اور ہاٹ ایشوز کی علامتی اور بنیادی وجوہات دونوں کو حل کرنے کے طریقے تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔
چینی صدر نے کہا کہ ہمیں یوکرین بحران کی کشیدگی کو جلد از جلد کم کرنے اور سیاسی حل کی راہ ہموار کرنے کی ضرورت ہے اور ہمیں غزہ کی پٹی میں جامع جنگ بندی پر زور دینے، دو ریاستی حل کو دوبارہ شروع کرنے اور لبنان میں جنگ کو پھیلنے سے روکنے کی ضرورت ہے۔
شی جن پنگ نے ترقی کو بین الاقوامی اقتصادی اور تجارتی ایجنڈے کے مرکز میں رکھنے کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ اپنی پیشکش کے گزشتہ تین سالوں سے گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو نے ترقیاتی مالیات میں تقریباً 20 بلین امریکی ڈالر جمع کئے ہیں اور 1100 سے زیادہ منصوبوں پرعملدرآمد کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین گلوبل ساؤتھ تھنک ٹینک کوآپریشن الائنس کے قیام میں قائدانہ کردار ادا کرے گا جس کا مقصد افرادی و ثقافتی تبادلے اور حکمرانی میں باہمی سیکھنے کو فروغ دینا ہے۔
چینی صدر کا کہنا تھا کہ چاہے بین الاقوامی صورتحال میں کتنی ہی تبدیلیاں رونما کیوں نہ ہوں چین ہمیشہ گلوبل ساؤتھ کے قریب رہے گا اور اس کا خیال رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ چین گلوبل ساؤتھ میں مزید ممالک کی حمایت کرے گا کہ وہ برکس کے نصب العین میں شامل ہو جائیں تاکہ گلوبل ساؤتھ کی قوتوں کو اکٹھا کرکے انسانیت کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو مشترکہ طور پر آگے بڑھایا جائے۔