ماسکو: (ویب ڈیسک ) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے دھمکی دی ہے کہ اگر یوکرین نے ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کی تو مناسب کارروائی کی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ماسکو میں بریکس تنظیم کے رکن ممالک سے تعلق رکھنے والے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر پیوٹن نے مغربی ممالک کو خبردار کیا کہ یوکرین کو نیوکلیئر ہتھیار منتقل کرنے کی کوشش چھپی نہیں رہ سکے گی۔
ان کاکہنا تھا کہ جدید دنیا میں اب نیوکلیئر ہتھیار بنانا مشکل نہیں رہا، وہ یہ تو نہیں جانتے کہ اس وقت یوکرین ایسا کرنے کے قابل ہے یا نہیں مگر اتنا ضرور ہے کہ یہ یوکرین کے لیے اس وقت آسان نہیں ہوگا۔
ولادیمیر پیوٹن کا مزید کہنا تھا کہ نیوکلیئر ہتھیاروں کی تیاری میں اس دور میں زیادہ مشکلات نہیں، ہر چیز واضح ہے کہ یہ عمل کیسے انجام دیا جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیوکلیئر ہتھیار بنانا اشتعال انگیزی ہوگا اور اس جانب کسی بھی قدم کا مناسب ردعمل دیا جائے گا۔
روسی صدر نے کہا کہ جنگ شروع ہونے سے پہلے ہی یوکرین نے کہا تھا کہ انکے پاس نیوکلیئر ہتھیار ہونے چاہئیں، مگر روس ایسا کسی بھی صورت نہیں ہونے دےگا۔