غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی فورسز کی غزہ میں پٹی میں آگ اور خون کی ہولی جاری، گزشتہ دو روز میں اسرائیلی حملوں میں مزید 61 فلسطینی شہید، 162 افراد زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق شمالی غزہ کے حلیمہ السعدیہ سکول پر اسرائیلی حملوں میں 8 فلسطینی پناہ گزین شہید ہوگئے، نصیرات پناہ گزین کیمپ پر صیہونی فوج کے فضائی حملے میں 5 فلسطینی شہید ہوئے۔
بوریج پناہ گزین کیمپ میں ایک عمارت پر بم باری سے 4 فلسطینی شہید اور 10 زخمی ہوئے، اسرائیلی ہیلی کاپٹروں نے تل الحوا میں رہائشی علاقوں پر فائرنگ کی، رفاہ میں اسرائیلی فوج کے انخلاء کے بعد 2فلسطینیوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی مغربی کنارے میں جارحیت میں امریکی سماجی کارکن خاتون ہلاک ہوگئی، امریکی سماجی کارکن اسرائیلی آباد کاروں کے خلاف مظاہرے میں شریک ہونا چاہتی تھی۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 40 ہزار 939 فلسطینی شہید اور 94ہزار 616 زخمی ہو چکے ہیں۔