بیروت: (ویب ڈیسک) حزب اللہ کے حملوں پر اسرائیل نے 2 روزہ ہنگامی صورت حال کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کردی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حزب اللہ نے اپنے سربراہ حسن نصر اللہ کے قریبی ساتھی اور سینیئر کمانڈر فواد شکر کی شہادت کا بدلہ لینے کے لیے اسرائیل کے مشرقی علاقے میں 320 راکٹوں اور 100 سے زائد دھماکا خیز ڈرونز کی بارش کردی۔
حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجی تنصیبات اور دفاعی نظام آئرن ڈوم کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا اور شہید کمانڈر کے بدلے میں یہ محض ایک ابتدا ہے۔
اسرائیل میں 2 روز کے لیے ایمرجنسی نافذ کرکے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی جب کہ تل ابیب آنے اور جانے والی بین الاقوامی پروازیں معطل کردی گئی تھیں جنھیں بعد ازاں بحال کردیا گیا۔
دوسری جانب اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ حزب اللہ کے حملوں کے جواب میں ائیر فورس کے 100 جنگی طیاروں نے حزب اللہ کے راکٹ لانچر سائٹس پر حملہ کرکے ہزاروں راکٹس کو اُڑنے سے قبل ہی تباہ کردیا۔