بغداد: (ویب ڈیسک ) عراق میں امریکی فوجی اڈے پر راکٹ حملے میں کئی امریکی اہلکار زخمی ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی عہدیداروں نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ عین الاسد ایئربیس پر ہوا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق الاسد ایئربیس پر دو راکٹ فائر کیے گئے، واقعے کے دوران کئی امریکی اہلکار زخمی ہوئے ہیں، اس اڈے پر امریکی فوج اور دیگر غیر ملکی فوجیں بھی موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ آیا اس حملے سے جانی یا مادی نقصان پہنچا ہے۔
امریکی حکام کے حوالے سے بتایا کہ بیس کے اہلکار حملے کے بعد ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ راکٹ فوجی اڈے کے اندر گرے، یہ راکٹ الانبار صوبے کے علاقے حدیثہ سے داغے گئے، مزید یہ کہ عراقی سکیورٹی فورسز نے عین الاسد فوجی اڈے کی سمت داغے گئے 8 راکٹوں کو ناکام بنا دیا۔
حملے کے بعد اڈے سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیئے۔
غزہ کی پٹی میں اسرائیل اور فلسطینی تنظیم حماس کے درمیان جنگ چھڑنے کے فورا بعد ان حملوں میں تیزی آئی تھی تاہم بعد ازاں ان میں بڑی حد تک کمی واقع ہوئی۔