بغداد: (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) عراق کے دارالحکومت بغداد میں فوجی اڈے پر فضائی حملے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق رات گئے بغداد کے فوجی اڈے پر فضائی حملے ہوئے جس کے بعد خوفناک آگ بھڑک اٹھی، دھماکوں کی آوازیں دور دور تک سنی گئی۔
رپورٹ کے مطابق فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ فضائی حملے کا ذمہ دار کون تھا۔
البتہ امریکا نے بغداد کے فوجی اڈے پر حملے کے حوالے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے ، ایک امریکی اہلکار نے عرب میڈیا کو بتایا کہ امریکی افواج کا "عراق کے بابل شہر میں حالیہ حملے سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔
یہ بھی پڑھیں :ایران پراسرائیلی حملہ ، وائٹ ہاؤس کا تبصرے سے گریز
عراقی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ فضائی حملوں کی تحقیقات کی جارہی ہیں، دھماکے میں املاک کو نقصان پہنچا جبکہ متعدد لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز اسرائیل نے ایران کے صوبے اصفہان پر میزائل حملہ داغا تھا، جس کے بعد ایرانی اہلکار نے کہا کہ اصفہان کی فضائی حدود سے تین ڈرون مار گرائے ہیں۔
تاہم ایران نے کسی بھی بیرونی حملوں کی تردید کردی تھی اور فوری جوابی کارروائی نہ کرنے کی تصدیق کی تھی۔