واشنگٹن: (دنیا نیوز) غزہ میں فوری جنگ بندی اور فلسطینیوں کے حق میں امریکا کی مختلف ریاستوں میں شہریوں کی بڑی تعداد نے مظاہرے کیے اور شدید نعرے بازی کی۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست الینوائے، کیلی فورنیا، نیویارک اور پیسیفک نارتھ ویسٹ کی مرکزی سڑکوں پر غزہ میں معصوم بچوں، خواتین اور شہریوں پر اسرائیلی بمباری کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے۔
مظاہرین نے فلسطینی پرچم اور بینرز اُٹھا رکھے تھے جن پر غزہ میں جنگ بندی اور اسرائیل کے خلاف نعرے لکھے ہوئے تھے۔ مظاہرین میں بڑی تعداد طلبا کی تھی۔
مظاہرین کی بڑی تعداد ہونے کی وجہ سے امریکا کے سب سے زیادہ استعمال ہونے والے ہوائی اڈوں کو جانے والے راستے بند ہوگئے جس میں گولڈن گیٹ اور بروکلین پل سمیت مصروف مغربی کوسٹل ہائی وے شامل ہے۔
شکاگو پولیس نے ہوائی اڈّوں کو جانے والے راستوں کو کھولنے کے لیے مظاہرین پر تشدد کیا اور 50 سے زائد فراد کو حراست میں لے لیا جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔