غزہ : (ویب ڈیسک ) اسرائیل کی جانب سے غزہ میں بمباری ساتویں ماہ میں داخل ہوچکی ہے لیکن اب تک اس کی شدت میں کمی نہیں آسکی اور نہ ہی جنگ بندی سے متعلق حتمی فیصلہ ہوسکا۔
قطری نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کی غزہ کے نصیرات کیمپ میں بمباری سے مزید 5 فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے، اسرائیلی فوج نے 24 گھنٹے میں 43 فلسطینیوں کو شہید کیا۔
صیہونی طیاروں نے خان یونس میں یورپین ہسپتال کے اطراف میں بھی بم برسائے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قابض فوج کی مغربی کنارے میں بھی کارروائیاں جاری ہے، مختلف علاقوں سے کئی فلسطینیوں کو گرفتار کیاگیا جبکہ یہودی آبادکاروں نے بھی فوجیوں کی سرپرستی میں کارروائیاں کرتے ہوئے مغربی کنارے میں زیتوں کے 30 درخت اکھاڑ دیئے۔
واضح رہےکہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 33 ہزار 729 فلسطینی شہید اور 76 ہزار 371 زخمی ہو چکے ہیں۔