واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا کے صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ مجھے توقع ہے کہ ایران جلد ہی اسرائیل پر حملہ کرے گا اور اگر کوئی حملہ ہوا تو امریکا اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہو گا اور بھرپور دفاع کرے گا۔
وائٹ ہاؤس میں تقریب کے دوران شرکاء کے سوال پر جواب دیتے ہوئے امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ حساس معلومات پر بات نہیں کرنا چاہتا لیکن مجھے امید ہے کہ ایران جلد سے جلد اسرائیل پر حملہ کرے گا، ایران کیلئے میرا پیغام ہے وہ ایسا نہ کرے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل فلسطین تنازع ختم کر کے پائیدار حل تلاش کررہے ہیں: امریکہ
امریکی صدر جوبائیڈن نے مزید کہا ہے کہ ایران حملے میں کامیاب نہیں ہوگا، ہم اسرائیل کے دفاع میں مدد کریں گے اور اس کا بھرپور ساتھ دیں گے، اسرائیل پر ممکنہ حملے کے پیش نظر امریکی شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا کہہ دیا ہے۔
دوسری جانب امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان نے کہا کہ دمشق میں قونصل خانے پر حملے کا جواب دینے کیلئے ایران کی جانب سے اسرائیل کو دی جانے والی دھمکیاں حقیقی ہیں، ہم اب بھی ایران کے ممکنہ خطرے کو حقیقی اور قابل اعتبار سمجھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل پر ایرانی حملے کا خدشہ، امریکی سفارتکاروں کیلئے ضابطہ اخلاق تیار
جان کربی نے مزید کہا ہے کہ امریکا اس بات کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے کہ کسی حملے کی صورت میں اسرائیل اپنے دفاع کے قابل ہو، امریکا اسرائیل کے دفاع کیلئے اپنے عزم میں سنجیدہ ہے۔
ترجمان امریکی قومی سلامتی کونسل نے کہا کہ ایرانی حملے کے وقت کا تعین نہیں کر سکتے تاہم خطرے کے پیش نظر خطے میں اپنی افواج کی حیثیت پر غور کر رہے ہیں اور صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔