سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی ماسکو میں دہشتگردی کی مذمت

Published On 23 March,2024 08:23 am

جینیوا: (ویب ڈیسک ) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ماسکو کے کراکس سٹی ہال میں دہشتگردی کی مذمت کی ہے۔

اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل نے تمام سازشی عناصر، دہشتگردی کی منصوبہ بندی کرنے والے اور معاونت کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ اس جرم سے متعلق تحقیقات میں روس سے تعاون کیا جائے۔

اس سے قبل روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخاروا نے مطالبہ کیا تھا کہ ماسکو میں کی گئی دہشتگردی میں جو بھی ملوث ہو، اقوام متحدہ، اس کے سیکریٹریٹ، سیکرٹری جنرل اور تمام رکن ممالک پر لازم ہے کہ وہ اس خونی دہشتگردی کی غیرمشروط مذمت کریں۔

زخاروا کا کہنا تھا کہ یو این سیکریٹری جنرل کے دفتر کی جانب سے جاری اس بیان نے کئی سوالات اٹھائے ہیں کہ جس میں فائرنگ کے واقعہ پر صرف افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ماسکو میں کنسرٹ کے دوران فائرنگ اور دھماکے، 60 افراد ہلاک، 150 سے زائد زخمی

یو این سیکرٹری جنرل کی جانب سے واقعہ کی مذمت پر روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے اظہار تشکر کیا ہے۔

واضح رہے کہ روس کے دارالحکومت ماسکو میں کنسرٹ کے دوران فائرنگ اور دھماکوں کے نتیجے میں 60 کے قریب افراد ہلاک، 150 سے زائد زخمی ہو گئے، کروکس سٹی ہال میں کنسرٹ جاری تھا اس دوران مسلح افراد نے خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کر دی۔

روسی حکومت نے حملے کو دہشت گردی کی کارروائی قرار دیتے ہوئے دارالحکومت ماسکو میں رواں ہفتے ہونے والی تمام عوامی تقریبات کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا اورعالمی برادری سے واقعے کی مذمت کرنے اور اسے بھیانک جرم قرار دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔