نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کے دارالحکومت ماسکو کے سٹی ہال میں حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ عالمی دہشتگرد تنظیم داعش نے روسی دارالحکومت ماسکو کے نواحی علاقے کراکس کے سٹی ہال پر دہشتگرد حملے کی ذمہ داری سماجی رابطے کی ایپلی کیشن ٹیلی گرام پرموجود اپنے چینل پر قبول کی۔
دوسری جانب امریکی نیشنل سکیورٹی کونسل کے ترجمان جان کربی نے روس میں حملے کی فوٹیج کو خوفناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حملے کا ذمے دار یوکرین کو نہیں سمجھتے، متاثرین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
واضح رہے کہ روس کے دارالحکومت ماسکو میں کنسرٹ کے دوران فائرنگ اور دھماکوں کے نتیجے میں 60 کے قریب افراد ہلاک، 150 سے زائد زخمی ہو گئے، کروکس سٹی ہال میں کنسرٹ جاری تھا اس دوران مسلح افراد نے خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کر دی۔
روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے دھماکا خیز مواد بھی استعمال کیا جس کی وجہ سے کراکس سٹی ہال میں زبردست آگ لگ گئی، 3 سے 5 افراد نے ہجوم پر ہتھیاروں سے فائرنگ کی، سکیورٹی اہلکار حملے کے دوران 100 افراد کو ہال سے نکالنے میں کامیاب رہے۔
روسی حکومت نے حملے کو دہشت گردی کی کارروائی قرار دیتے ہوئے دارالحکومت ماسکو میں رواں ہفتے ہونے والی تمام عوامی تقریبات کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا اورعالمی برادری سے واقعے کی مذمت کرنے اور اسے بھیانک جرم قرار دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔