ماسکو: (ویب ڈیسک/ دنیانیوز) روس کے 8 ویں صدارتی الیکشن کیلئے مختلف ریجنز اور یوکرین کے الحاق شدہ علاقوں میں تین روزہ ووٹنگ کل (17مارچ) تک جاری رہےگی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کے صدارتی انتخابات کیلئے11 مختلف ٹائم زونز میں ہونے والی ووٹنگ جمعۃ المبارک کو شروع ہوئی جو کہ آج (ہفتہ ) اور کل (اتوار )کو بھی جاری رہے گی، اتوار کو پولنگ ختم ہونے کے بعد نتائج کا فوری اعلان کیا جائے گا۔
روس میں پہلی بار 29 علاقوں کے ووٹرز آن لائن ووٹ ڈال رہے ہیں۔
انتخابات میں موجودہ صدر ولادیمیر پیوٹن سمیت 4 امیدوار مدمقابل ہیں، پیوٹن ہی 5 ویں بار روسی صدر بننے کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔
روسی صدارتی انتخابات کے امیدواروں میں پوتن سمیت نکولائی خریطونوف، لیانید سولوستکی، ویلدیسلوف داونکوف شامل ہیں ۔
.صدر بننے کے خواہشمند پیوٹن مخالف اپوزیشن رہنما الیکسی نوالنی پراسرار موت کا شکار ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ جیت کیلئے امیدوار کو نصف سے زائد ووٹ حاصل کرنا ہوں گے، مقررہ ووٹ نہ ملنے پر ووٹنگ کا دوسرا مرحلہ تین ہفتے بعد ہوگا۔
روسی صدارتی انتخابات میں میں 71 برس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کی کامیابی کے امکان روشن ہیں، اس کا مطلب یہ ہوا کہ وہ کم از کم سال 2030 تک اقتدار میں رہیں گے۔
اس حوالے سے ولادیمیر پیوٹن کا کہنا ہے کہ یہ ملک میں انتہائی اہم الیکشن ہیں، اس کے نتائج آئندہ برسوں میں روس کی ترقی پر براہ راست اثرات مرتب کریں گے۔