نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کی جانب سے ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین (UNRWA) پر الزامات کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیشن قائم کر دیا گیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایک آزاد انکوائری کمیشن تشکیل دینے کا اعلان کیا جو اونروا کی غیر جانبداری کا جائزہ لے گا اور اس کے متعدد ملازمین کے اسرائیل پر حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات کی تحقیقات کرے گا۔
اقوام متحدہ انکوائری کمیٹی کی سربراہی فرانس کی سابق وزیر خارجہ کیتھرین کولونا کریں گی، کمیشن کو تین تحقیقی مراکز سویڈن میں راؤل والنبرگ انسٹیٹیوٹ، ناروے میں میکلسن انسٹیٹیوٹ اور ڈینش انسٹیٹیوٹ برائے انسانی حقوق تعاون فراہم کریں گے، کمیشن 14 فروری سے کام شروع کرے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ انکوائری کمیشن کی جانب سے مارچ کے آخر تک انتونیو گوتریس کو عبوری رپورٹ پیش کی جائے گی جبکہ حتمی رپورٹ اپریل کے آخر تک مکمل ہونے کی توقع ہے، اسرائیلی الزامات غزہ میں 20 لاکھ افراد کو امداد فراہم کرنے میں مشکل حالات پیدا کر رہے ہیں۔
تحقیقات کے ساتھ ساتھ غیر جانبداری کو یقینی بنانے اور خلاف ورزیوں کے الزامات کا جواب دینے کیلئے ایجنسی کے طریقہ کار اور کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ اس بات کا تعین کیا جا سکے کہ آیا 7 اکتوبر کے حملوں میں UNRWA کے 12 ملازمین کے ملوث ہونے کے اسرائیلی الزامات کہاں تک درست ہیں، الزامات کے بعد سے امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا سمیت کئی ممالک نے اونروا کی فنڈنگ معطل کر رکھی ہے۔