ریاض: (دنیا نیوز) حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدے میں پیشرفت پر مشاورت کیلئے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سعودی عرب پہنچ گئے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ 7 اکتوبر کو حماس کے حملے کے بعد خطے کا پانچواں دورہ کر رہے ہیں، انٹونی بلنکن دورہ سعودی عرب کے بعد اسرائیل، مصر اور قطر بھی جائیں گے، دوروں کے دوران خطے میں امن کیلئے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ملاقات کی، اس موقع پر دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں، مشترکہ تعاون کے امکانات اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے موقع پر سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز اور امریکا میں تعینات سعودی عرب کی سفیر شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان بن عبدالعزیز کے علاوہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
دوسری جانب سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ان کے برطانوی ہم منصب ڈیوڈ کیمرون نے پیر کو ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے، اس دوران دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ اور گرد ونواح میں بدلتی ہوئی صورتحال اور اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیا۔