غزہ کیلئے پاکستان سے امدادی سامان کی پانچویں کھیپ روانہ

Published On 04 February,2024 03:24 pm

اسلام آباد: (دنیانیوز) پاکستان کی جانب سے غزہ کے لئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی سامان کی پانچویں کھیپ روانہ کردی گئی۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ترجمان نے کہا کہ پاکستان ائیر فورس کے سی 130 کے ذریعے موسم سرما کے خیموں،ترپالوں اور کمبلوں پر مشتمل امدادی سامان بجھوایا گیاہے۔

خصوصی پرواز امدادی سامان لےکر مصر کے شہر العریش پہنچے گی، العریش میں تعینات پاکستانی سفیر امدادی سامان وصول کریں گے، امدادی سامان وصولی کے بعد تقسیم کے لیے غزہ روانہ کر دیا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ یہ امداد پاکستان کے اس عزم کا تسلسل ہے جو غزہ کے عوام کی ضروریات کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی سے پوراکرنے کے لئے کی جارہی ہیں ۔

واضح رہے کہ گزشتہ 120 روز سے  اسرائیلی فوج کی غزہ میں بدترین جارحیت جاری ہے، اسرائیلی دہشت گردی کے باعث شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 27 ہزار سے تجاوزکرچکی ہے جبکہ 66 ہزارسے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔