اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کیلئے معاملات طے پا گئے: قطر کا دعویٰ

Published On 03 February,2024 06:54 am

دوحہ: (ویب ڈیسک) قطر نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا سمیت دیگر فریقین کی ثالثی کے نتیجے میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کیلئے معاملات طے پا گئے ہیں۔

قطر کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ فرانس میں قطر، امریکا، مصر اور اسرائیل کے حکام کے درمیان غزہ پر ہونے والی ملاقات میں اہم امور طے پا گئے اور اسرائیل نے جنگ بندی پر رضا مندی کا اظہار کیا ہے، حماس نے بھی نئی پیشکش پر آمادگی ظاہر کی ہے جس کے بعد اگلے چند دنوں میں معاہدہ طے پانے کا قوی امکان پیدا ہو گیا ہے، جنگ بندی معاہدے سے متعلق تفصیلات جلد سامنے آجائیں گی۔

قطر کی وزارت خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ پیرس میں ہونے والی ملاقات میں اسرائیل کو جنگ بندی کے بدلے اسرائیلی یرغمالی اور فلسطینی قیدیوں کے تبادلے کی نئی پیشکش کی گئی جو اس نے قبول کر لی ہے، اس سے قبل اسرائیل نے فریقین کی جانب سے پیش کی گئی جنگ بندی اور یرغمالیوں کے تبادلے سے متعلق معاہدے کے کچھ نکات پر اعتراض کرتے ہوئے معاہدے سے انکار کردیا تھا۔

واضح رہے کہ اسرائیل کے غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری وحشیانہ حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 27 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ 60 ہزار سے زائد زخمی ہیں، شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔