جینیوا: (ویب ڈیسک ) اقوام متحدہ کاکہنا ہے کہ غزہ میں 22 لاکھ افراد قحط کے خطرے سے دوچار ہیں۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور نے غزہ میں خوراک کی موجودہ قلت کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحران کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا ہے۔
بیان میں غزہ میں 2.2 ملین افراد یعنی تقریباً پوری آبادی قحط کے خطرے سے دوچار ہونے کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے نشاندہی کی گئی ہے کہ 3 لاکھ 78 ہزار افراد کو غذائی تحفظ کی درجہ بندی کے پیمانے کے مطابق 5 ویں درجے کی فاقہ کشی کا سامنا ہے جو کہ بہت خطرناک ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں 9 لاکھ 39 ہزار افراد چوتھے درجے کی فاقہ کشی سے دو چار ہیں جسے ہنگامی سطح کہا جاتا ہے۔
بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اسرائیلی حملوں کی وجہ سے غزہ میں 19 لاکھ افراد بے گھر ہوئے اور ان میں سے زیادہ ترغیر معیاری کیمپوں میں مقیم ہیں۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 24 ہزار 285 افراد شہید اور 61 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔