سابق اسرائیلی وزیراعظم ایہود اولمرٹ نے نیتن یاہو کو دہشتگرد قرار دیدیا

Published On 08 December,2023 06:41 pm

تل ابیب: (ویب ڈیسک) سابق اسرائیلی وزیراعظم ایہود اولمرٹ نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو دہشتگرد قرار دے دیا۔

ایہود اولمرٹ نے اسرائیل میں سب کے سامنے اسرائیلی وزیراعظم اور حکومت میں موجود ان کے دوستوں پر تنقید کی اور کہا کہ نیتن یاہو اور ان کے حواری اسرائیل کے دشمن ، قاتل اور دہشتگرد ہیں۔

ایہود اولمرٹ نے 7 اکتوبر کے حماس کے حملے کو اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم اپنی ناکامی چھپانے کے لیے دوسروں کو مورد الزام ٹھہرا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطینیوں کے حق میں 5 قراردادیں منظور کر لیں

یاد رہے کہ ایہود اولمرٹ اس سے قبل بھی اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔

اسرائیل نے 7 اکتوبر سے اب تک غزہ پر 10 ہزار سے زائد حملے کیے جس میں 17 ہزار 700 سے زائد فلسطینی شہید اور 43 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ غزہ کی تقریباً 60 فیصد عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔