اوٹاوا: (ویب ڈیسک ) کینیڈا میں ایک پاکستانی نژاد مسلمان خاندان کو اپنے ٹرک کے نیچے کچلنے والے کینیڈین شہری نیتھینیل ویلٹمین کو قتل کا مجرم قرار دیا گیا ہے ۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ملزم نے جون 2021 میں سلمان افضال کی فیملی پر گاڑی چڑھا دی تھی, 12 رکنی جیوری نے فیصلہ دیا کہ 22 سالہ ملزم نیتھینیل ویلٹمین نے جان بوجھ کر افضال فیملی کو قتل کیا۔
ملزم نے گاڑی سے کچل کر 46 سالہ سلمان افضال، ان کی 44 سالہ اہلیہ مدیحہ سلمان، 15 سالہ بیٹی یمنیٰ اور 74 سالہ ماں طلعت افضال کو قتل کیا تھا جبکہ ان کا 9سالہ بیٹا شدید زخمی ہوا تھا۔
واقعے کے بعد ملزم پر قتل، اقدامِ قتل، دہشت گردی اور نفرت انگیز جرائم کے الزامات عائد کیے گئے تھے اور اسے واقعے کے چند گھنٹے بعد ہی گرفتار کر لیا گیا تھا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق 22 سالہ ناتھینیل ویلٹمین کو عمر قید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، ملزم کو سزا سنانے کی تاریخ یکم دسمبر کو مقرر کی جائے گی۔