تہران : (ویب ڈیسک ) ایران نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کے خلاف ایک "نیا محاذ" کھولنا غزہ میں اسرائیل کے اقدامات پر منحصر ہوگا۔
عرب میڈیا کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبدالہیان لبنان کے دارالحکومت بیروت پہنچے جہاں لبنانی حکام کے ساتھ ساتھ حماس اور اسلامی جہاد کے نمائندوں نے ان کا استقبال کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں حزب اللہ کی طرف ممکنہ اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی ناکہ بندی اور اسرائیلی جنگی جرائم کے نتیجے میں نیا محاذ کھلنا ممکنہ حقیقت ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت بھی اسرائیل کے جرائم جاری ہیں اور خطے میں کوئی بھی ہم سے نئے محاذ کھولنے کی اجازت نہیں مانگتا۔
خیال رہے کہ اگرچہ تہران طویل عرصے سے حماس کا حمایتی رہا ہے لیکن ایرانی حکام اس بات پر اصرار کرتے ہیں کہ ہفتے کے روز اس کے قدیم دشمن اسرائیل کے خلاف حماس کے حملے میں ان کے ملک کا کوئی ہاتھ نہیں تھا۔
ہفتے کے روز حماس کے حملے میں کم از کم 1500 اسرائیلی، غیر ملکی اور دوہری شہریت کے حامل افراد ہلاک ہو گئے۔
غزہ میں صحت کے حکام نے اطلاع دی ہے کہ ساحلی انکلیو کے خلاف اسرائیل کی انتقامی کارروائیوں سے شہدا کی تعداد 1700 سے زائد ہوچکی ہے ۔