کیف: (دنیا نیوز) یوکرین نے جزیرہ نما کریمیا میں روس کا ایس 400 میزائل سسٹم تباہ کرنے کا دعویٰ کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کی وزارت دفاع نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں روس کے طویل اور درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے ایس 400 سسٹم کو تباہ کر دیا گیا ہے، ویڈیو میں اٹھتے دھویں کے بادل دیکھے جا سکتے ہیں۔
واضح رہے حال ہی میں روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے برکس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یوکرین جنگ کے خاتمے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، یوکرین کی جانب سے ایس 400 میزائل سسٹم تباہ کرنے کے دعوے کے بعد حالات مزید کشیدہ ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی صدر نے جنوبی افریقا میں جاری برکس ممالک کے سربراہی اجلاس سے خطاب میں مغربی ممالک کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ یہ مغربی ممالک اور ان کے اتحادی ہی تھے جنہوں نے یوکرین جنگ مسلط کی۔