لندن : (دنیانیوز) سرورکونین حضرت محمد ﷺ کے نواسے امام حسینؓ کی یزیدی فوج کے ہاتھوں شہادت کاغم، برطانیہ کے مختلف شہروں میں بھی مجالس عزا کاانعقاد کیا گیا۔
لندن، برمنگھم، مانچسٹر،بریڈفورڈ اورگلاسگو سمیت مختلف شہروں میں علما اور ذاکرین نے نبی ﷺ کے گھرانے کی کربلا میں شہادت کے واقعات بیان کیے، نوحہ خوانوں نے پُرسوز انداز میں کربلا میں یزیدی مظالم کی منظرکشی کی۔
غم میں ڈوبے مومنین نےماتم کیا، فرانس اوربیلجیئم سمیت یورپ کے مختلف شہروں میں بھی سید الشہدا کی شہادت کے غم میں مجالس منعقد کی گئیں۔
امریکا کی مختلف ریاستوں کے امام بارگاہوں میں بھی ہزاروں عزادارجمع ہوئے، ذاکرین نے امام حسینؓ کے بیٹے حضرت علی اکبر کی شہادت کے واقعات خصوصی طورپربیان کیے۔
ڈیلاس اور ہیوسٹن سمیت مختلف شہروں میں جلوس برآمد ہوئے، سیکڑوں عزاداروں نے زنجیر زنی کی۔
کینیڈا میں بھی عزاداری کا سلسلہ جاری ہے،امام حسینؓ کے بھائی حضرت عباس کے پرچم کی شبیہہ پھولوں سے سجا کر برآمد کیا گیا، جلوس میں راستے بھر نوحہ خوانی اور ماتم حسینؓ ، شبیہہ تابوت وذوالجناح بھی برآمد ہوا۔