لاہور: (ویب ڈیسک) یوم عاشور کے موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد شہر خاموشاں پہنچ گئی جہاں انہوں نے اپنے پیاروں کی قبروں کی لپائی کی اور پھول ڈالنے کے بعد مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں نے میدان کربلا میں 10 محرم الحرام کو اسلام کی بقاء کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ایسی مثال قائم کی جس نے رہتی دنیا تک حق اور باطل کے درمیان واضح حد قائم کر دی، آج فرزندان اسلام انہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
یوم عاشور پر جہاں شہدائے کربلا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے، وہیں بچھڑنے والوں کی یاد اپنوں کو شہر خاموشاں کھینچ لائی ہے، شہریوں نے اپنے پیاروں کی قبروں کی مرمت کی اور گل پاشی کے بعد ان کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر کمسن بچے بھی بڑوں کے ساتھ اپنے بزرگوں، عزیزوں، دوستوں اور رشتہ داروں کی آخری آرام گاہوں کے قریب بیٹھے درود و تسبیح کرتے رہے۔
واضح رہے کہ یوم عاشور پر قبرستان جانے کی روایت بہت پرانی ہے، لوگ یوم عاشور پر اپنے رشتہ داروں کی قبروں پر خصوصی طور پر حاضری دیتے ہیں۔